تیری خود اعتمادی پر رشک آتا ہے مجھے
*تیری خود اعتمادی پر رشک آتا ہے مجھے*
آج کی تو نہیں البتہ دو دن پہلے کی بات ہے ایک ضروری کام جس میں میرا جانا ناگزیر ہوگیا تھا جانا پڑا گھر سے جب نکلنے لگے بہن صاحبہ کی طرف سے فرمائش آئی واپسی پر آئس کریم لے آنا بہرحال کام نمٹانے کے بعد گھر واپسی سے پہلے ایک آئسکریم بار پر بھائی نے بائیک روک لی وہ اندر چلے گئے میں باہر کھڑی ہوگئی ایک منٹ بمشکل گذرا ہوگا کہ تیس، بتیس سالہ لڑکی بھیک مانگنے آگئ اور اس وقت شدید شرمندگی ہوئی کیونکہ گھر سے موبائل کے علاوہ کچھ نہیں لیا تھا خیر ان محترمہ کو کہہ دیا تھوڑی دیر انتظار کرلیں بھائی آجائیں تو دیتی ہوں انتظار کرنے کی صرف ایک خاص وجہ یہ تھی اس سے ایک دن قبل ہی ابو اور بھائی کا ایکسڈنٹ ہوا تھااور تب سے صدقہ دینا تھا مگر موجودہ رہائش ہمارے لیے نئے و انجان علاقے میں ہے تو ایسا کوئی ملا نہیں جسے صدقہ دے دیا جاتا بہرحال بھائی نے جب گلاس وال سے دیکھا کہ ایک محترمہ ہمارے قریب کھڑی ہیں تو خود باہر آگئے اور پیسے دے کر چلے گئے وہ محترمہ بھی چلی گئیں اس کے فوراً بعد ایک بچہ آیا جو سات آٹھ سال کا ہی ہوگا اور توقع کے عین مطابق ہاتھ پھیلایا میں نے کہا تمہاری امی کو ابھی دئیے ہیں آگے سے مکمل اعتماد کے ساتھ جواب آیا وہ میری امی نہیں بہن ہے میں نے کہا اچھا آپ کی بہن کو دے دئیے ہیں تو جواب میں کہا گیا اچھا باجی پیسے نہیں دے رہی آئس کریم ہی کھلادیں بس ایک کپ چاکلیٹ فلیور میں..... مجھے اس وقت اس کے اس قدر اعتماد اور پھر اتنے مضبوط لہجے میں فرمائش وہ بھی بمع فلیور کے سن کر حیرت تو نہیں ہوئی البتہ سوچ میں ضرور ڈال گیا، اسی وقت بھائی آگئے میں نے ان سے شاپر لے کر اس میں سے ایک کپ نکال کر اسے دے دیا، اور وہ وہاں سے بھاگتا آگے چلا گیا
اسی وقت سوچا تھا اس بچے کی اس قدر خود اعتمادی پر ضرور لکھوں گی بلاشبہ اس کا مانگنا أن کے نزدیک ان کا شعبہ (فیلڈ) ہے جس میں وہ کامیاب ہیں ایک ایسے بزنس مین کی طرح جو اپنے کاروبار کے ادوار، نشیب و فراز، موقع و محل، نفع نقصان اور تمام تر احتیاطی تدابیر سے بخوبی واقف ہوتا ہے، اگر دیکھا جائے یا لمحے بھر کو بس سوچا ہی جائے کہ سات آٹھ سال کا بچہ اپنی عمر سے بڑے لوگو سے اس قدر اعتماد سے بات کرے کہ سامنے والا اس کے اعتماد کو دیکھ کر سوچ میں پڑ جائے کہیں میری کسی کزن کا بیٹا تو نہیں (میری تمام کزنز برا نہیں ماننا بس مثال دی ہے)اور پھر اس خود اعتمادی پر رشک کے ساتھ ساتھ افسوس بھی کیا جاسکتا ہے بلکہ درحقیقت یہ ہے ہی قابل افسوس بات کہ صلاحیت و اعتماد سڑکوں پر بھیک مانگ رہا ہے پیچھے وجہ جو چاہے ہو چاہے ماحول چاہے تربیت چاہے حکمرانوں کی نااہلی چاہے معاشرے کی بے حسی میرے نزدیک وہ ایک چھوٹا سا ذہین بچہ تھا جس نے اپنا مدعا اپنا مطالبہ صاف و واضح الفاظ میں مکمل اعتماد کے ساتھ بنا ڈرے جھجھکے پیش کیا......
کیا یہ اعتماد وہ کسی منچ پر نہیں دکھا سکتا، وہ آنکھیں جو آنکھوں میں ڈال کر، زبان کے بنا رکے اپنی ضرورت اپنی خواہش پیش کر رہی ہیں کیا یہ صلاحیت ملک کی فلاح کے لیے استعمال نہیں ہوسکتی؟ یا ان ہاتھوں کے لیے قلم کی جگہ چند سکے اور یہ قابل رشک اعتماد دکھانے کے لیے یہ آئسکریم بار، ریسٹورنٹ، کیفے، سڑکیں رہ گئیں؟؟ اس بچے کا وہ پر اعتماد انداز جو مقابل کو سات سال کی. عمر میں سوچ میں ڈال دے تو اس اعتماد کا وقت ِ شباب کیا عالم ہوگا؟؟؟ یہ ایک بچہ ہے اپنے پیشے اپنے شعبے میں ماہر، نہ گرنے کا خوف نہ ٹھوکر کا خوف ایک سے نہیں مراد پوری دوسرے کی طرف چلے جاؤ ہار ماننا سیکھا ہی نہیں، تھک جاؤ بیٹھ جاؤ کچھ دیر پھر کسی سے مانگنے کے لیے تیار نئی ہمت و ولولے کے ساتھ ساتھ ایسی قابل ِ رشک ہمت صلاحیت مہارت اور اعتماد رشک و تاسف کے احساسات ایک ساتھ وارد ہوئے تھے یہ تمام صلاحیتیں اگر جگہِ مناسب پر استعمال ہوں اور یہی تمام صلاحیتیں ایک عام انسان اپنے اپنے شعبہ جات میں بھی اپنالیں... شاید ناکامی سے ٹکرا کر کامیاب ہونے کا گر حاصل کرلیں
از #دُرِّ_صــدفـــ_ایــمــان
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں